اوکاڑہ،24 فروری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نےکہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے 10ارب پودے لگانے کا جو ہدف مقرر کیا ہے اس میں ضلع اوکاڑہ اپنے حصے سے بڑھ کر درخت لگائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن بہاراں اور کلین اینڈ گرین مہم کے تیسرے روز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزاراورکوآرڈنیٹر ٹو وزیر اعلیٰ پنجاب محمد اشرف خان سوہنا کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس کے لان میں پودے لگاتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ سیاسی لیڈرشپ ،طالبعلموں، صحافیوں ،وکلاء اور معاشرہ کے صاحب الرائے لوگوں،علماء و مشائخ اورغیرسرکاری تنظیموں کو درخت لگانے کی مہم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ درخت لگانے کی مہم ہمارے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے اوراس کو کسی صورت نظر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سنہرے مستقبل اورآئندہ نسلوں کے لئے ایک صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے آج پودے لگانا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ تمام جانداروں کو موسموں کی شدت سے بچانے کے لئے بھی کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ ، سرکاری اداروں اور عوام کو پودوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کر رہا ہے۔
اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مشتاق چغتائی اور ایس ڈی او فاریسٹ افتخار حسین جنجوعہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ کلین اینڈ گرین مہم کے دوران ضلع میں11لاکھ 20ہزار پودے لگائے جائیں گے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ربط و رابطہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پودے لگانے کے بعد ان کی دیکھ بھال کے لئے بھی لائحہ عمل ترتیب دے دیا گیا۔