چنیوٹ،24 فروری(اے پی پی )؛ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پلانٹ فار پاکستان کے حوالے سے شجرکاری مہم جاری ہے۔اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امجد نذیر چوہدری نے ریسٹ ہاوس میں شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد خالد،دیگر محکموں کے افسران اور میڈیا نمائندگان و دیگر بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ سیشن جج کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں شجرکاری مہم ضلعی انتظامیہ کی بہت اچھی کاوش ہے۔شجرکاری مہم سے ضلع کو سر سبز بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا رواں موسم بہار میں ضلع میں 6 لاکھ پودے لگانے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔اس حوالے سے تمام محکمے پودے لگا رہے ہیں ۔ہر پٹواری اپنے سرکل میں ایک ہزار سے زائد پودے لگوائے گا۔درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔تمام لوگ اپنے اپنے حصہ کا پودا لگائیں تاکہ ملک کو سر سبز و شاداب کیا جا سکے۔











