صنعتی شعبے کی ترقی سماجی و اقتصادی ترقی کی کلید ہے، ہم نے ملک میں صنعتوں کے فروغ کے لئے این او سی رجیم کی بجائے کمپلائنس رجیم متعارف کرائی ہے؛وزیراعظم عمران خان

9

اسلام آباد،25فروری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صنعتی شعبے کی ترقی سماجی و اقتصادی ترقی کی کلید ہے، ہم نے ملک میں صنعتوں کے فروغ کے لئے این او سی رجیم  کی بجائے کمپلائنس رجیم   متعارف کرائی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں صنعتکاروں کے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے کے لئے صنعتی شعبے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیراعظم نے ملک میں تیزی سے صنعتکاری کے لئے سرمایہ کاروں کو ترغیب دلانے کے لئے ملک میں کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کی ہدایت کی۔انہوں  نےایس ای سی پی، ایف بی آر، سٹیٹ بینک اور بورڈ آف انویسٹمنٹ  اور وزارت خزانہ جیسےتمام متعلقہ اداروں کو صنعتوں کے فروغ کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔

ملاقات میں معروف صنعتکار میاں انجم نثار  اور محمد عرفان موجود تھے۔