لاہور،25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ روشن مستقبل کیلئے ہمیں اپنے نصاب کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بہتر کرنا ہوگا، حکومت نے جدید دور کے تقاضوں کی ٹریننگ کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے ہیں،اتحادی جماعتیں مضبوطی سے حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں کیونکہ ہمارا نظریہ ایک ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے زیر اہتمام وزیراعظم کے ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت پنجاب یونیورسٹی الرازی میں منعقدہ تقسیم تقریب اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شفقت محمود نے کہا کہ دنیا کے بہت سے معروف کاروباری افراد نے اعلی تعلیم حاصل نہیں کی مگر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کردنیا بھر میں متعلقہ شعبوں میں سب سے آگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلی تعلیمی اداروں کیلئے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق صلاحیتوں کے حامل گریجویٹس تیار کرنا بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں اور یہ کوششیں نوجوانوں میں مطلوبہ مہارت پیدا کرنے کے لیے بھی کی جا رہی ہیں تاکہ یا تو انہیں نوکری مل سکے یا وہ کاروبارکر سکیں۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس اقدام کے لیے حکومت کی طرف سے 110 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تربیتی اداروں کے معیار کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ طلبا کو اعلی معیار کی مہارتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جاب مارکیٹ ہمارے گریجویٹس جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق طلبا میں مخصوص مہارتیں پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
شفقت محمود نے پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی کیو ایس رینکنگ میں 87 پوائنٹس ترقی کے ساتھ ایشیا کی 145 بہترین یونیورسٹیوں میں آنے کاکریڈٹ پروفیسر نیازاحمد کو جاتا ہے۔











