فیصل آباد ،26فروری (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے طبقاتی نظام کو ختم کرکے پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم نافذ کیا ہے جس کے مستقبل میں دور رس مثبت اثرات سامنے آئیں گے ، نئے نظام تعلیم کے تحت ہر سکول کے سلیبس میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کیا گیا ہے تاکہ بحیثیت مسلمان ہمارے بچوں کو اپنے دین با لخصوص سیرت طیبہ کے بارے میں مکمل آگاہی ہو سکے۔
وہ ہفتہ کو فیصل آباد کے ایک نجی سکول میں تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رئیس ادارہ، ٹیچنگ سٹاف ممبران، طلبا و طالبات کے والدین اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بچے مستقبل کے معمار ہیں اسلئے والدین اور اساتذہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں کیونکہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت جتنی بہتر ہوگی یہ بچے کل کو اسی حساب سے زندگی کے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے قابل ہوسکیں گے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو جدید علوم کے ساتھ اخلاقی لحاظ سے بھی بہتر بنانا ہے لہٰذابچوں کو چھوٹی عمر سے ہی دین اسلام کے سنہری اصولوں، ہمارے اسلاف، قومی ہیروز اور درخشاں ماضی سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی طرح فیصل آباد کے ہر شہری کو قومی صحت کارڈ کے ذریعے سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کردی ہے جس سے اب کوئی بھی شہری صرف پیسے نہ ہونے کی وجہ سے علاج سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی و تدریسی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ہزاروں کی تعداد میں پرائمری سکولوں کو مڈل اور مڈل کو ہائی سکولوں کے طور پر اپ گریڈ کرنے کے علاوہ سرکاری کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی بھی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ ان اداروں کے ذہین بچوں کو بھی آگے بڑھنے اور دل لگا کر پڑھنے کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔
وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سکول کے بہترین تعلیمی نتائج اور شاندار ڈسپلن سمیت صفائی کے مثالی نظام پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے طلبا و طالبات اور ان کے والدین کو مباکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ اس سے بھی زیادہ محنت سے اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ مستقبل میں انہیں مزید بڑی بڑی کامیابیاں نصیب ہوسکیں۔
بعدازاں وزیرمملکت فرخ حبیب نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں اور بچیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد











