این ایف سی ایوارڈ کے تحت تمام وسائل سندھ حکومت کو دئیے گئے ، ان کا حساب  لینے سندھ آئے ہیں؛ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

25

جیکب آباد، 28 فروری (اے پی پی ):  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت تمام وسائل سندھ حکومت کو دئیے گئے ہیں، ان کا حساب کتاب لینے سندھ آئے ہیں، سندھ کے عوام کو بنیادی سہولیات دینا سندھ حکومت کا کام ہے لیکن افسوس کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو کھنڈر بنا دیا ہے۔

 پیر کو  یہاں  میڈیا کے نمائندوں کے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے عوام کو جو دینا تھا وہ عوام کو دینے کے بجائے انہوں نے اپنی جائیدادیں بنائی، اس لیے ہم اب پیپلز پارٹی سے 13 سال کا حساب لینے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی سے وابستہ جن ایم این ایز اور ایم پی ایز کو پہننے کے لیے جوتے نہیں تھے آج وہ لینڈ کروزر سمیت اربوں روپیوں کے مالک بن چکے ہیں عوام کو بتایا جائے کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا؟

وفاقی  وزیر شاہ  محمود قریشی  نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ عوام کو روزگار دیا جائے گا وہ بتائیں کہ 13 سال میں انہوں نے سندھ کے عوام کو کیا دیا ہے۔ زرداری مافیا ہمارے حقوق سندھ مارچ سے ڈر کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے ہم زرداری مافیا کی کرپشن اور نااہلی کو عوام کے سامنے لانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے خیبرپختونخوا میں حکومت بنائی اس کے بعد ہم نے پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں عوام کے دل جیت کر حکومت قائم کی، اب ہم سندھ میں نکلے ہیں اب سندھ میں تحریک انصاف ہی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین سے پاکستانی طلباء کو واپس لانے میں حکومت سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔