ملتان؛ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم کا فاطمہ جناح ٹاؤن اور میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ

42

ملتان، یکم مارچ (اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے  فاطمہ جناح ٹاؤن اور میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے فاطمہ جناح ٹاؤن میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور متوقع ریلی کے ٹہراؤ کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

 ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں تمام روڈ لائٹس ورکنگ حالت میں ہوں اور فاطمہ جناح ٹاؤن کے پرائیویٹ سکیورٹی اہلکار موقع پر موجود رہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریلی انتظامات کے لئے واسا اہلکاران موقع پر موجود رہیں۔

 قیصر سلیم نے کہا کہ فاطمہ جناح ٹاؤن میں ہونے والی شجر کاری کے لئے قد آور درخت لگائے جائیں  تاکہ بڑھوتری میں زیادہ وقت نہ لگے ۔انہوں نے کہا کہ مین راؤنڈ اباوٹ پر بہترین لینڈ اسکپنگ کی جائے اور گرین بیلٹ میں خوبصورت پودے لگائے جائیں۔

 ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا  کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے تمام ترقیاتی کام 15 مارچ سے پہلے مکمل کئے جائیں ۔ گلاس ورک ،الیکٹریسٹی ،ٹائل ورک اور اے سی تنصیبات مکمل کرکے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے انتظامات 15 مارچ سے پہلے ایم ڈی اے کے سپرد کئے جائیں۔