وزیراعلی عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی سردار نصراللہ خان دریشک و صوبائی وزیر  سردار حسنین بہادر دریشک کی ملاقات

38

لاہور،1مارچ  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی سردار نصراللہ خان دریشک اورصوبائی وزیر لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک نے وزیراعلی آفس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،فلاح عامہ کے منصوبوں اورراجن پور میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیراعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب کوعلیحدہ شناخت دی ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مالی اور انتظامی لحاظ سے بااختیاربنایا ہے،سابق حکمران دعوے کرتے رہے لیکن جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے دعویدارشارٹ مارچ بھی نہیں کرسکے، عدم اعتمادکی باتیں کرنے والوں کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں،پاکستان کو مارچ  یا عدم اعتمادکے ذریعے آگے نہیں لے جایاجاسکتا۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن ترقی کے سفر میں رخنہ ڈال رہی ہے اور انتشار کی سیاست پاکستان کی یکجہتی کیلئے زہر قاتل ہے، اپوزیشن کا موجودہ غیر جمہوری طرز عمل ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے اور قوم اپوزیشن رہنمائوں کے منفی رویوں کو جان چکی ہے۔