نرسنگ کا شعبہ ایک نہایت مقدس شعبہ ہے؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مظفر گڑھ احسان الحق

10

مظفر گڑھ ،02مارچ(اے پی پی):  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق نے کہا ہے کہ نرسنگ کا شعبہ ایک نہایت مقدس شعبہ ہے، نرس ایک انجان مریض کی نگہداشت کرتی ہے اور اس کی مکمل صحت یابی تک بغیر کسی لالچ کے خدمت کرتی ہے۔

 یہ بات انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفر گڑھ میں نر سوں کی خدمات پر ان کو اعزازی سلامی دینے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے نرسوں کو سلامی پیش کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے دوران نرسوں نے مریضوں کی نگہداشت کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دیں جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومتِ پنجاب کا ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پنجاب بھر میں نرسوں کوآج اعزازی سلامی دی جا رہی ہے۔ مظفر گڑھ میں بھی اسی سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیاہے۔

اس موقع پر پرنسپل نرسن8164گ کالج زبیدہ نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران تمام نرسوں نے اپنے فرائض احسن طریقہ سے سرانجام دیئے اورسُرخرو ہوئیں اور آئندہ بھی اپنی خدمات سرانجام دیتی رہیں گی۔

اس موقع پر ڈاکٹر مقبول عالم، ڈاکٹر مرزاسردار بیگ سمیت ڈاکٹروں اور نرسوں کی کثیر تعداد موجود تھی جبکہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد فیاض، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر فیصل رضا، پرنسپل نرسنگ کالج مس زبیدہ بھی موجود تھیں۔