اڑتالیس  ہزار  ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی مکمل کرلی گئی ہے، 1 لاکھ 30 ہزار دیگر شعبوں میں بھرتی کر رہے ہیں ؛ وزیراعلیٰ عثمان بزدار

39

 

لاہور، 2 مارچ ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب  سردار  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہر سال 2 مارچ نرسنگ ڈے کے طور پر منایاجائیگا، پی ٹی آئی حکومت کو اعزاز حاصل ہے کہ سب سے زیادہ توجہ صحت کے شعبہ پر دی،  48 ہزار  ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی مکمل کرلی گئی ہے، 1 لاکھ 30 ہزار دیگر شعبوں میں بھرتی کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے  پنجاب نرسنگ کنونشن  کی تقریب سے خطاب میں  کیا۔تقریب  میں  نرسوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار نرسوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ہے، نرسنگ سٹاف نے ہمیشہ خصوصاً کورونا میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت کی اعلی مثال قائم کی ہے ۔انہوں نے  کہا کہ تمام نرسز کو سلام پیش کرتا ہوں ،آئندہ ہر سال دو مارچ کو نرسنگ ڈے پر پنجاب بھر میں اس دن کو منایاجائےگا،نرسز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیونکہ آپ انسانیت کی خدمت کرتے ہیں جو سب سے بڑی عبادت ہےکورونا میں نرسز کی خدمات تاریخی ہیں۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ جب تافتان سے کورونا مریض آئے تو بہتر انداز میں پاکستان نے کورونا کو شکست دی ،نرسز کے شعبے پر پہلے توجہ نہیں دی گئی لیکن پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ توجہ صحت کے شعبہ میں دی،چوالیس سکولوں کو کالجز میں بی ایڈ نرسز میں منتقل کر دیا گیاہے،نرسنگ سٹاف کی بیس ہزار سے زائد بھرتی کی گئی نرسنگ پروگرام کو آن لائن کر دیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھائیس نرسنگ کالج کو بنیادی سہولیات کےلیے اڑھائی ارب روپے کا اعلان کرتاہوں، یونیورسل ہیلتھ کوریج کے تحت تہتر فیصد کوریج ہو چکی ہے، مارچ کے آخر تک پنجاب کی آبادی کور ہوگی، چار سو ارب روپے سے ہیلتھ سروسز پہلے پنجاب کی تاریخ میں کبھی شروع نہیں کیاگیا،سابقہ حکومت کے مقابلے میں شعبہ صحت کا بجٹ ڈبل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اڑتالیس ہزار ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی مکمل کرلی گئی ہے،ایک لاکھ تیس ہزار دیگر شعبوں میں بھرتی کررہے ہیں،صوبے میں تئیس بڑے ہسپتال بنا رہے ہیں صوبے کو مثالی صوبہ بنائیں گے،پسماندہ علاقوں کے نرسنگ کوٹے کا اعلان کرتاہوں پنجاب شعبہ صحت میں مثالی صوبہ ہو گا۔