پشاور۔4مارچ (اے پی پی): پشاور کے قصہ خوانی بازار میں کوچہ رسالدار کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 30 نمازی شہید جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔
سی سی پی او اعجاز خان نے خودکش دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ نماز جمعہ کے وقت دوپولیس اہلکار جامع مسجد کے گیٹ پر مامور تھے،اس دوران 2 دہشتگرد حملہ آوروں نے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے پر حملہ آوروں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جسکے نتیجے میں خودکش حملہ آور کوروکنے کی کوشش کرنے ولا ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
ایس ایس پی آپریشنزہارون الرشیدنے دھماکے سے متعلق بتایاکہ دھماکہ خودکش تھا جونمازجمعہ کے دوران جامع مسجد کے اندر ہوا ،حملے سے متعلق کوئی الرٹ نہیں تھا ، دھماکے کے بعد علاقہ کو گھیرے میں لے لیاگیاہے جبکہ زخمیوں کولیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیاجارہاہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بیرسٹرسیف کا کہناہے کہ اطلاع ہے کہ دہشت گردوں نے پہلے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی، دہشت گردوں کا پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ایک دہشت گرد مسجد میں داخل ہوا اورکارروائی کی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔











