دہشت گردوں کو  صوبے کے مثالی امن کو تباہ کرنے نہیں  دیں گے ؛ وزیراعلی محمود خان

24

پشاور، 4 مارچ (اے پی پی): وزیراعلی محمود خان نے کہا کہ کوچہ رسالدار کا واقعہ میرے دور حکومت میں صوبے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، جبکہ اس طرح کے واقعات صوبے کے مثالی امن کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش ہے ہم کسی صورت ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے صوبے  میں  امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس  کی صدارت کرتے  ہوئے کیا، اجلاس میں  متعلقہ کابینہ اراکین، ایڈیشنل چیف،  آئی جی پی، سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او، کمشنر پشاور اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوچہ رسالدار مسجد دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور بعدازاں دھماکے کے شہداء کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔

وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ آئندہ اس طرح کے دلخراش واقعات کی موثر روک تھام کرنا ہے، ہمیں دشمن پر بھی نظر رکھنی ہے اور اپنی کمزوریوں کو بھی ٹھیک کرنا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کو مل بیٹھ کر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنیکی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کا فوری سراغ لگانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

سورس:وی این ایس، پشاور