پشاور، 4مارچ (اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالدوقاص نے کہا ہے کہ کوچہ رسالدار میں نماز جمعہ کے وقت مسجد پر خودکش حملے کی اطلاع ملتے ہی الخدمت کے شعبہ ڈئزاسٹر مینجمنٹ کے تمام رضاکاروں کوفوری طور پر جائے حادثہ اورگورنمنٹ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔
خالد وقاص نے میڈیا کو بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے 60سے زائد رضاکار اور 8ایمبولینس گاڑیوں نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں اور دھماکے میں جان بحق افراد کے لئے ڈیڈ باڈی بیگز اور تابوت بھی ہسپتال انتظامیہ کو فراہم کئے جبکہ حادثے میں جان بحق افراد کی میتوں کی صفائی میں بھی الخدمت کے رضاکاروں نے انتظامیہ کی بھر پور معاونت کی۔
خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس کے ذریعے حادثے میں جان بحق اور شدید زخمیوں کوہسپتال منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتال سے میتوں کو آبائی علاقوں کے لئے بھی الخدمت ایمبولینس سروس نے بلامعاوضہ خدمات سرانجام دیں اور پشاور سے باہر دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے شہدا کی میتوں کو الخدمت ایمبولینس سروس کے زریعے آبائی علاقوں کو روانہ کیا گیا۔
سورس:وی این ایس، پشاور











