پشاور،5مارچ (اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کوچہ رسالدار پشاور کے خودکش بم دھماکے میں ملوث عناصر کو کسی حال میں نہیں چھوڑیں گے اور ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹ کر قرار واقعی سزا دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور بم دھماکے کے حوالے سے ہفتہ کو یہاں اطلاعات سیل میں ایک پریس بریفنگ سے خطاب میں کیا۔ انکے ہمراہ سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان بھی تھے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا جو عہد ہم نے کیا ہے اس سے پیچھے ہٹنے والے نہیں۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے پتہ چلتا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی ذمہ داری میں کوئی غفلت نہیں برتی اور ان کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے،ہماری ایجنسیاں بڑی مستعدی کا مظاہرہ کرکے سہولت کاروں تک پہنچ گئی ہیں اور انشاء اللہ 48گھنٹوں میں ان کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بذات خود واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں بڑی بڑی مساجد اور تعلیمی اداروں کیلئے سکیورٹی بڑھانے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان نے اس موقع پر کہا کہ پولیس اہلکار جہاں بھی تعینات ہیں اپنی ذمہ داریاں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر پوری ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دے رہے ہیں۔
سورس:وی این ایس، پشاور











