وہاڑی،08 مارچ(اے پی پی):دنیا بھر کی طرح وہاڑی میں بھی خواتین کو ان کی جہدوجہد کے صلے میں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خواتین کا عالمی دن منایا گیا۔اس موقع پر خواتین کو درپیش مسائل اور اس کے تدارک کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں ضلع بھر کی مختلف شعبہ جات کی خواتین نے شرکت کی ۔سیمینار کی مہمان خصوصی ایس پی انویسٹیگیشن ڈاکٹر بشریٰ جمیل ،ضلعی رہنما پنجاب ٹیچرز یونین میڈم عذرا عبدالحیئ ،سماجی رہنما نوشین ملک تھیں ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس پی انویسٹیگیشن وہاڑی ڈاکٹر بشری جمیل نے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں اپنے کام کے ذریعے ورکنگ وومن نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں بلکہ اپنے حصے کی ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہیں آ ج کا دن منانے کا مقصد بھی خواتین کے حقوق سے متعلق آگاہی پھیلانا ہے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔خواتین کے حقوق کے لیے ہمیں نہ صرف قوانین کے ذریعے بلکہ مائنڈ سیٹ تبدیل کرتے ہوئے جدوجہد کرنی ہے۔
سماجی رہنما نوشین ملک نے کہا کہ خواتین خواہ کسے بھی شعبہ سے تعلق رکھتی ہوں وہ اس ملک کی تعمیر و ترقی میں کسے سے پیچھے نہیں کبھی سوچا ہے ملک کی مجموعی آبادی کا 49 فیصد حصہ ہونے کے باوجود بھی خواتین بنیادی حقوق کی جدوجہد کر رہی ہیں!
پنجاب ٹیچر یونین رہنما عذرا عبدالحی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین تعلیم کے شعبہ میں اس ملک کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں جس پہ ہم انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، ہم نے ہی مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنا کر دنیا کو پیغام دیا کہ خواتین کی ملک کی ترقی میں اتنی ہی شراکت داری ہے جتنی مردوں کی لیکن اس کے باوجود بھی ہم مسلسل اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہیں۔
اس موقع پر سیمینار میں موجود خواتین نے خواتین کو درپیش مسائل ان کے حل بارے گفتگو کی اور تجاویز دی گئیں ۔
تقریب کے اختتام پر وومن ڈے کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔











