پشاور،8 مارچ (اے پی پی): وزیراعلیٰ محمود خان نے ٹیکسوں کے آن لائن پیمنٹ سسٹم اور گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن سسٹم اور یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجراء کیلئے “زما کے پی” کے نام سے ایک جدید موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح کر دیا ہے ۔
تقریب سے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے ٹیکسوں کی ادائیگی کے آن لائن سسٹم اور سنٹرلائزڈ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے اجراءکوصوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کی ایک کڑی اور ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سسٹم صوبے کی عوام کو بہتر خدمات اور سہولیات کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں اصلاحات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو اپنی حکومت کی ای گورننس پالیسی اور اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد سرکاری محکموں کی استعداد کار کو بہتر بنانا، لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور محکموں کے جملہ امور میں شفافیت کو یقینی بناکر بدعنوانی کے راستوں کوبندکرنا ہے۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق شروع دن ہی سے سرکاری محکموں میں اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جن میں پٹوار اصلاحات، لینڈریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن ، ای گورننس پالیسی کے تحت اقدامات، ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کے تحت اقدامات ، سٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز کا قیام، آسان انصاف مراکز کا قیام اور دیگر اقدامات شامل ہےں۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سرکاری محکموں میں بدعنوانی کے تمام راستوں کو بند کرنے کے لئے پر عزم ہے جس کے لئے مڈل مین کے کردار کو ختم کرنا ضروری ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے تعمیراتی محکموں میں ای ٹینڈرنگ اور ای بڈنگ کا ایک یکساں نظام متعارف کروارہی ہے اور اگلے مالی سال سے صوبائی حکومت کے تمام محکموں میں خریداری اور ٹھیکوں کے معاملات ای ٹینڈرنگ ،ای بڈنگ اورای پروکیورمنٹ کے ایک مرکزی نظام کے تحت کئے جائیں گے۔
سنٹرلائزڈ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کو لوگوں کی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی آمدن بڑھانے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے اجراءسے اب صوبے کے لوگ ملک کے دیگر علاقوں میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کرنے کی بجائے صوبے ہی میں اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کروائیں گے جس سے صوبائی حکومت کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا صوبائی حکومت نے گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپےہ مقرر کی ہے عوام کو چاہیئے کہ وہ حکومت کی اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور صوبے میں اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کروائیں۔
ٹیکسوں کی آن لائن رجسٹریشن سسٹم ، سنٹرلائزڈ موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم اور گاڑیوں کے یونیورسل نمبر پلیٹس کے اجرا پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان سسٹم پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان سسٹم کے اجرا کے لئے ٹیکنیکل معاونت فراہم کرنے پر انہوں نے شراکت داروں سب نیشنل گورننس اور فارن کامن ویلتھ ڈیویلپمنٹ آفس کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے مشیر خلیق الرحمن نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں اصلاحاتی اقدامات پر پیشرفت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید حیدر اقبال نے ٹیکسوں کی ادائیگی اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے آن لائن نظام کے مختلف پہلوو ں سے آگاہ کیا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر آن لائن پیمنٹ سسٹم اور آن لائن رجسٹریشن سسٹم کا اجراءکیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہدقریشی نے آن لائن موٹر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے تحت اپنی گاڑی کی رجسٹریشن کے لئے اپلائی کیا۔ صوبائی کابینہ اراکین محب اللہ خان اور بیرسٹر محمد علی سیف کے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی ضیا ءاللہ بنگش، غزن جمال، عائشہ بانو اور متعلقہ سرکاری حکام نے تقریب میں شر کت کی۔











