اپوزیشن سیاسی افراتفری پیدا کر کے ترقی کا سفر روکنے کی کوشش کر رہی ہے؛ وزیراعلی سردار عثمان بزدار

18

لاہور ، 10مارچ  (اے پی پی): وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو شکست ہو گی، اپوزیشن سیاسی افراتفری  پیدا کر کے ترقی کا سفر روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  ایم پی اے میاں جلیل شرقپوری سے گفتگو میں  کیا ، جنہوں نے  جمعرات کو یہاں وزیراعلی سے  ملاقات کی ، ملاقات  میں  سیاسی صورتحال اور حلقے  میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ارکان پنجاب اسمبلی میرے ساتھی ہیں، سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں، منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے، پارلیمنٹرینز  کے احترام پر حرف نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو موجودہ نازک صورتحال کا ادراک تک نہیں، اپوزیشن آگ سے کھیل رہی ہے،سیاسی انتشار  پھیلا کر  وطن عزیز کی معیشت کو غیر مستحکم کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ اپوزیشن سیاسی افراتفری  پیدا کر کے ترقی کا سفر روکنے کی کوشش کر رہی ہے،تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو شکست ہو گی۔

میاں جلیل شرقپوری نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ خلوص نیت سے پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ آپ نے سیاست میں شائستگی، رواداری اور شفافیت کے کلچرکو فروغ دیا ہے، آپ منتخب نمائندو ں کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر تے ہیں۔