ملتان،11 مارچ (اے پی پی ): ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) اور اقوام متحدہ کے فنڈ برائے اطفال (یونیسیف) کے زیر اہتمام ساؤتھ پنجاب میں بیبی فرینڈلی ہسپتال انیشی ایٹو ( Baby Friendly Hospital Initiative) کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
اس حوالے سے حیات ظفر آڈیٹوریم نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت حنیف پتافی تھے جبکہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی نمائندگی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی اور مہمانوں کی نشتر آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
لانچنگ تقریب میں یونیسیف کی نمائندگی انوسہ کبور (INOUSSA KABORE) ڈپٹی ریپریزینٹیٹو پنجاب برائے یونیسیف نے کی۔ بیبی فرینڈلی ہسپتال انیشی ایٹو کے تحت نشتر ہسپتال ملتان میں ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کا اہتمام کیا جائے گا جو کہ بعد میں تحصیل اور ڈسٹرکٹ لیول پر طبی عملے کی ٹریننگ کریں گے اور اس پروگرام کا مقصد زچگی کے بعد بچوں کو ماؤں کا دودھ پلانے کی ترغیب دینا اور دودھ پلانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب حنیف پتافی نے اپنے خطاب میں وزیراعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت پنجاب کا صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے اختتام پر مقررین اور منتظمین میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔
تقریب کے دیگر شرکاء میں ایڈیشنل سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن امجد شعیب ترین، ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب قمر زمان قیصرانی،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب شعیب اقبال سید، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر، کمیونیکیشن آفیسر ڈی جی ہیلتھ پنجاب مرزا منیب، انچارج شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان اور محکمہ صحت ملتان کے انتظامی افسران کی کثیر تعداد شامل تھی۔
سورس: وی این ایس، ملتان











