ملتان؛ ملٹی نیشنل برانڈز کی جعلی ڈرنکس کے 2 بڑے یونٹس بند کر دیے گئے

15

ملتان، 12 مارچ (اے پی پی ): غلہ منڈی میں ملاوٹ مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ  نے  مشترکہ کارروائی  کرتے   ہوئے ملٹی نیشنل برانڈز کی جعلی ڈرنکس کے 2 بڑے یونٹس پکڑ لیے  ہیں  ۔

 ڈی جی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ ویجیلینس ونگ کی اطلاع پر ملٹی نیشنل برانڈز کی جعلی ڈرنکس کے 2 بڑے یونٹس پکڑے گئے ہیں ، کھلے رنگوں،ممنوعہ اجزاء کے استعمال سے تیار محلول پر جعلی لیبلنگ کی گئی تھی،ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز مبشر رحمان اور اے سی سٹی خواجہ عمیر کی سربراہی میں کارروائیاں کی گئیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  کارروائی  کے  دوران  معروف برانڈز کی 10 ہزار لیٹر سے زائد  ڈرنکس اور 500کلو سرخ مرچ  برآمد کی  گئی ہے  جبکہ  کارروائی  میں  ایک شخص موقع سے گرفتار کیا گیا ہے ۔

رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ جعلساز مافیا کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کو یرغمال بنا کر جان سے مارنے کی دھمکیوں پر مقدمہ درج کرادیا گیا ہے،مسلسل 8 گھنٹے آپریشن اور مزاحمت کے بعد جعلی بوتلیں بنانیوالےدونوں یونٹس بند کر دیے گئے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ موقع سے مشینری اور معروف برانڈز  کی پیکنگ بھی برآمد کر لی گئی ہیں ،جعلی بوتلیں ماہ رمضان میں ملتان کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانی تھیں ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یاد رہے!ملاوٹ مافیا کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔

سورس:وی این ایس، ملتان