اسلام آباد،14مارچ (اے پی پی): وزارت داخلہ کی جانب سے پیر کو پاکستان اور برطانیہ کے مابین ریٹرنزاینڈ ری ایڈمیشن اور مجرمان حوالگی معاہدوں سےمتعلق وزارت داخلہ میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کی جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کے علاوہ مشیر داخلہ برائے احتساب و داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی اور وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت دیگراعلی حکام نے شرکت کی۔
کابینہ منظوری کے بعد اجلاس میں کمیٹی نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ریٹرنز اینڈ ریڈامیشن معاہدے کو حتمی شکل دے دی جبکہ برطانیہ سے حتمی مشاورت کے بعد معاہدے کو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دستخط کے لئے پیش کیا جائیگا۔کابینہ منظوری کے بعدمعاہدے کامسودہ گذشتہ ماہ مشاورت کیلئے برطانوی حکومت کو بھیجاگیاتھا۔ معاہدے کو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دستخط کے لئے جلد پیش کیا جائیگا۔
معاہدے سے صرف ایسے شہریوں کو واپس لانے کی اجازت ہوگی جن کو متعلقہ عدالتیں سزائیں سنا چکی ہونگی۔کابینہ کمیٹی نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین مجرمان کی حوالگی کےمعاہدے کو بھی جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے مزید مشاورت کی جائے گی ۔
یاد رہے کہ مجرمان حوالگی معاہدہ طے پانے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سزا یافتہ افراد کی حوالگی ممکن ہوسکے گی۔











