ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد اور میڈی بنک کے تعاون سے چہڑ سجیکوٹ سول ڈسپنسری اور گورنمنٹ پرائمری سکول میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

49

ایبٹ آباد،15 مارچ(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد اور میڈی بنک کے تعاون سے تحصیل حویلیاں کے دور افتادہ  علاقے چہڑ سجیکوٹ سول ڈسپنسری اور گورنمنٹ پرائمری سکول میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔میڈی بنک ایک فلاحی ادارہ ہے جس کے سپریم پیٹرن صدر پاکستان اور صوبائی گورنر ہیں جبکہ سیف سیکرٹری، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز اس کے انتظامی پیٹرن ہیں۔

 میڈی بنک کے پیٹرن انچیف جاوید نثار سید ہیں جو کہ 1984 کے بیج کے ڈی ایم جی افسر ہیں۔ انہوں نے اپنا خاندانی کاروبار ٹرسٹ کو عطیہ کیا جو کہ پاکستان بھر میں مختلف سکیموں کے تحت فری ادویات فراہم کرتا ہے۔ حال ہی میں سکاؤٹس کی تنظیموں کی جانب سے انکی خدمات کے صلے میں انہیں اپنا کمشنر چیف کمشنر مقرر کیا ہے۔ انہوں نے بحثیت ڈائریکٹر سول سروسز اکیڈمی 1200 سی ایس ایس آفیسرز کو ٹریننگ دی جو کہ اس وقت ملک بھر میں گریڈ 20 تک کے عہدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سول سروسز اکیڈمی ایلومینائی نے انہیں ان کی انسانی خدمات کے صلے میں پیٹرن انچیف کا اعزاز دیا ہے۔ وہ اوپن ہارٹ سرجری اور مختلف امراض میں مبتلا ہونے کے باوجود  ذاتی طور پر پورے پاکستان میں فری میڈیکل کیمپوں کا انتظامیہ اور سول سوسائٹی  کے ساتھ مل کر انعقاد کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں آجکل ہزارہ ڈویژن کے اضلاع میں کیمپ منعقد کر رہے ہیں اس سے پہلے میر پور خاص ڈویژن اور تھر پاکرکر میں کیمپ منعقد کر چکے ہیں۔

ہزارہ ڈویژن میں 14 تا 20 مارچ فری میڈیکل کیمپ منعقد کے جا رہے ہیں اور مزید بھی کیے جائیں گے ساتھ ہی ڈویژنل کمیونٹی میڈی بنک اور پانچ ضلعی کمیونٹی میڈی بنکوں کا افتتاح بھی کیا جا رہا ہے۔ جس کے پیٹرن باترتیب مطاہر زیب کمشنر ہزارہ اور ضلعی ڈپٹی کمشنر ہونکے۔  اس کے علاوہ محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر، سماجی تنظیمیں اور کاروباری افراد اسکے ممبر ہونگے۔

آج تحصیل حویلیاں سول ڈسپنسری اور گورنمنٹ پرائمری سکول میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ میں اہلیان علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت اور میڈی بنک کے بانی اور پیٹرن انچیف جاوید نثار نے میڈیکل بنک کا دورہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹرز نے سات سو سے زائد مرد و خواتین اور بچوں کا معائنہ، ٹیسٹ اور فری ادویات فراہم کیں۔ میڈیکل ٹیمز کی جانب سے مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے میڈی بنک کی خدمات کو سراہا اور مستقبل میں بھی صحت کے شعبے میں مزید تعاون کو یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات پر زور دیا۔

 پاکستان بوائز سکاؤٹ فیڈریشن کی جانب سےبھی میڈیکل کیمپ  کے حوالے سے رضاکاروں نے لوگوں کی رہنمائی کی۔ کیمپ میں ڈاکٹر شاہد، ڈاکٹر حمزہ، ڈاکٹر رابعہ اور ہیلتھ سٹاف نے شرکت کی اور لوگوں کو صحت کی سہولت فراہم کی۔ اہلیان علاقہ نے انتظامیہ کی جانب سے کیمپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور مستقبل میں  بھی اس طرح کے اقدامات اٹھانے کی گزارش کی۔