ملتان، 15 مارچ (اے پی پی): چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا ہے کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی ملتان نے پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلے میں رواں ماہ تین ہزار درختوں کی شجرکاری مکمل کر لی ہے۔ٹرمینیلیا،پلکن،بکائن اور دیگر درختوں کی شجرکاری پارکوں اور گرین بیلٹس پر کی جا رہی ہے،سکول کے بچوں کو درختوں کی اہمیت و افادیت بارے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،وزیر اعظم کے بلین ٹری سونامی مہم کو عملی جامعہ پہنا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے مدنی پارک میں سکول کے بچوں اور اہل علاقہ کے ہمراہ شجرکاری کے موقع پر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے،بچوں میں درختوں کے شعور کو اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین وژن کو عملی جامعہ پہنا رہے ہیں،سکول کے بچوں کے ہمراہ تین ہزار سے زائد درختوں کی شجرکاری مکمل کر چکے ہیں۔
اس موقع پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد،اساتذہ اور بچوں نے پودے لگائے او ر ملک کی سلامتی کے لیئے دعا مانگی۔ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس چوہدری غلام نبی بھی اس موقع پرموجود تھے۔











