مسلم امہ کے درمیان اتحاد و اتفاق کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان مسلم ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتا ہے؛وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

15

اسلام آباد،15مارچ  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ  مسلم امہ کے درمیان اتحاد و اتفاق کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان مسلم ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

ان خیالات  کا  اظہارا نہوں نے   منگل کو  یہاں وزارت خارجہ میں سابق سفراء،تھنک ٹینکس اور پارٹی ترجمانوں  کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  اجلاس ایسے وقت  ہو رہاہے جب کشمیر کے مسئلے میں ایک نیا موڑ آ چکا ہے،5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدامات کو کشمیری یکسر مسترد کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے   اجلاس میں ہم کوشش کریں گے وہ علاقے جو غاصبانہ قبضے کے باعث زیر نگیں ہیں ان کے لیے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے موثر آواز بلند کی جائے۔

 وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے   اجلاس میں افغانستان کی صورتحال کا بھی ازسر نو جائزہ لیں گے۔اس اجلاس میں ہم کرپشن کے خلاف ایک متفقہ لائحہ عمل اپنانے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آج او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کا لوگو جاری کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ہمارے تھنک ٹینکس اس دوران او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے حوالے سے خصوصی ویبینارز کا انعقاد کریں گے جس میں مقامی و بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین اظہار خیال کریں گے۔ہم او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے تشریف لانے والے وزرائے خارجہ کو قومی دن کی پریڈ دکھانے کیلئے بھی انتظامات کر رہے ہیں۔