لاہور15مارچ ( اے پی پی ): خاتون اول ثمینہ علوی نے منگل کی شام یہاں الحمرا آرٹ کونسل کے زیر اہتمام فرسٹ وومن تھیٹر فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام نے خواتین کو باعزت مقام دیا ہے مگر عورت آج بھی اسلامی معاشرے میں اپنے اصل مقام وحقوق سے محروم ہے۔
خاتون اول نے مزید کہا کہ عورتوں کو ان کے وراثتی حقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا، خواتین جس قدر طاقتور ہو گئی اس کا اثر معاشرے پڑے گا اور ملک خوشحال ہوگا آج کی خواتین کس حد تک باشعور ہو چکی ہیں آج خواتین جہاز بھی اڑا رہی ہیں اور ملکی معاملات بھی سنبھال رہی ہیں، قائد اعظم کی اہلیہ رتی جناح اور بہن فاطمہ جناح نے بھی قائداعظم کے شانہ بشانہ کام کیا تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر بھی بااختیار بنایا جائے، خواتین کو معاشرے میں ان کے جائز حقوق دے کر طاقتور بنانا ہے آج عورت کسی طرح بھی مرد سے کم نہیں ہے بس انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔











