سانحہ کوچہ رسالدار کا درد پوری قوم کا درد ہے، بیرسٹر سیف

30

پشاور، 16مارچ(اے پی پی): وزیراعلی خیبر پختون خوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سانحہ کوچہ رسالدار کسی ایک فرقہ پر نہیں تمام پاکستانیوں پر حملہ تھا، لیکن ہم پاکستان اور اسلام دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دینگے اور کبھی بھی اتحاد و اتفاق کے اصولوں کو فراموش نہیں کرینگے۔

بیرسٹر سیف نے ان خیالات کا اظہار امامیہ جرگہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان نے اج امامیہ جرگہ سے ملاقات کی اور انہوں نے کوچہ رسالدار سانحہ کے شہداء کے لواحقیقن کو امدادی معاوضہ 30 لاکھ کردیاہے، جبکہ پولیس سمیت شہید ہونے والے تمام سرکاری اہلکاروں سے سرکاری رہائشگاہیں واپس نہ لینے کا بھی اعلان کیا ہے اور مسجد کی بحالی کے لئے پی سی ون تیار کرلی گئی ہے۔

اس موقع پر صدر امامیہ جرگہ سرتاج قزلباش نے کہا کہ ہم نے وزیراعلی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے فوری طور احکامات جاری کئے، ساتھ ہی سیکورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کے لئےکمیٹی بھی قائم کردی ہے۔

سرتاج قزلباش نے کہا کہ چند شرپسند عناصر دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، لیکن پاکستان کو کوئی قوت غیرمستحکم نہیں کرسکتا۔