سکھر ،19مارچ (اے پی پی):وفاقی وزارت برائے مذہبی امور و بین المذہب ہم آہنگی اور قومی اقلیتی کمیشن پاکستان کی جانب سے شری سادھو بیلا تیرتھ استھان میں ہولی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ۔ ہولی فیسٹیول کے مہمان خصوصی چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن پاکستان چیلا رام کیولانی تھے۔ ہولی فیسٹیول میں رکن قومی اقلیتی کمیشن پاکستان ڈاکٹر جئپال چھابڑیہ اوردیگر اراکین نے بھی شرکت کی ۔
ہولی فیسٹیول میں رکن پاکستان ہندو کونسل کرمچند تھاورانی بھی شریک ہوئے ۔ ہولی فیسٹیول میں سیاسی سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی،پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ ہولی فیسٹیول کا حصہ بنے ۔ ہولی فیسٹیول میں سندھ کے مختلف اضلاع کی ہندو پنچائیتوں سمیت تمام مکھی صاحبان نے بھی شرکت کی ۔ شری سادھو بیلا تیرتھ استھان میں ہولی فیسٹیول کے موقع پر ہولکہ ماتا کی پوجا بھی کی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن پاکستان چیلا رام کیولانی نے فیسٹیول کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آئے ہوئے تمام مہمانوں کا دل سے شکرگزار ہوں جو اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کے اس فیسٹیول کا حصہ بنے ،پاکستان ایک گلدستہ ہے اور اس میں بسنے والے تمام مذاہب اس گلدستے کے پھول ،پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادری کا بھی اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے تہواروں کو منانے میں حکومت وقت کا خاص تعاون حاصل ہے جس پر حکومت کا دل سے مشکور ہوں ۔
چیلا رام کیولانی نے کہا کہ پاکستان میں شب بارات ہو یا دیوالی ، شب معراج ہو یا ہولی یا پھر ایسٹر تمام پاکستانی چاہے وہ مسلمان ہوں سکھ ہوں پارسی ہوں مسیح ہوں یا کسی بھی مذہب سے ان کا تعلق ہو وہ تمام تہوار و عیدیں مل کے مناتے ہیں ،آج اس فیسٹیول میں موجود علماء حضرات سکھ بھائی میرے مسیح بھائی اس بات کا پیغام دے رہیں ہیں کے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ تمام مہمانوں کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے ہماری دعوت پر وقت نکالا اور ہماری خوشیوں میں شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہولی کے رنگ ہماری زندگیوں میں خوشیاں بھر دیتے ہیں میری یہی دعا ہے کے ہمیشہ پاکستان بھی امن ترقی خوشحالی اور مذہبی ہم آہنگی کے رنگوں میں رنگا رہے ۔
فیسٹیول میں پاکستان کے نامور فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن سے ہولی کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیئے ۔ چیلا رام کیولانی نے تمام مہمانوں کو ہولی کے رنگ لگائے اور کیک کاٹا ۔











