چترال،22مارچ(اے پی پی): ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیویلپمنٹ کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بونی ضلع اپر چترال میں سال 2022 کی شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے کالج ہال میں منعقد ہونے والی تقریب میں کالج کے طالبات کے علاوہ یونیورسٹی آف چترال کی شعبہ باٹنی کی طالبات اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
چترال یونیورسٹی باٹنی ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر حفیظ اللہ، اسسٹنٹ پروفیسر سہیل رومی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پودوں اور درختوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف ہمیں تازہ آکسیجن دیتے ہیں جو انسانی بقاء کیلئے نہایت ضروری ہے بلکہ ان کی بدولت ہم قدرتی آفات سے بھی بچ سکتے ہیں۔
ہیلپنگ ہینڈ کے ضلعی کوآرڈینٹر مسز نرگس نے اپنے ادارے کے اعراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جب بالاکوٹ میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا اس وقت ہیلپنگ ہینڈ نے فلاحی اور رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بعد میں انہوں نے اپنی خدمات کے دائرہ کار کو دیگر علاقوں تک بھی وسعت دی۔ اب ہیلپنگ ہنڈ فار ریلیف اینڈ ڈیویلیپمنٹ نے چترال میں بھی کام شروع کیا ہے اور سب سے پہلے خواتین کیلئے ہنر مندی میں ان کی تربیت کیلئے سکل سنٹر کھولا جس میں بچیوں کو سلائی کڑھائی سکھائی جاتی ہے اور پھر خواتین کو سود کے بغیر قرضہ دینے کا پروگرام شروع ہوا اور اب اس کے ساتھ ساتھ ہم ماحولیات تبدیلی سے بچنے کیلئے دس ہزار پودے مفت تقسیم کرکے لگوا رہے ہیں تاکہ چترال میں جنگلات کی کمی پر قابو پایا جاسکے۔
وائس پرنسپل صوفیہ افسر نے کہا کہ ہمارے کالج میں کافی جگہہ موجود ہے مگر پانی نہ ہونے کی وجہ سے یہ ایک ریگستان کا منظر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ اس کالج کیلئے شمسی توانائی سے چلنے والی موٹر کا انتظام کیا جائے تاکہ کالج کا لان بھی سرسبز ہو کیونکہ اس کالج کے دیوار کے نیچے ہی دریا بہتا ہے۔
اس موقع پر طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں اور کالج کی لان میں زیتون کے پودے لگاکر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کر دیا گیا۔