چترال؛مستوج میں سات روزہ ” شاد رہے پاکستان جشن بہاراں سپورٹس فیسٹول “شروع ہو گیا

17

چترال،24 مارچ (اے پی پی ): یوم پاکستان کے حوالے سے ضلع اپر چترال کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز  مستوج میں  سات روزہ  کھیلوں  کا میلہ ” شاد رہے پاکستان جشن بہاراں سپورٹس فیسٹول “شروع  ہو گیا ہے  ۔ یہ میلہ چترال سکاوٹس کے  تعاون سے منایا جارہا ہے۔ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس  کرنل سمی زمان خان  نے بطور مہمان حصوصی  فیتہ کاٹ کر اس میلے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

  اس موقع پر ضلع اپر چترال کے ڈپٹی کمشنر منظور احمد آفریدی اور دیگر فوجی و سول افسران بھی موجود تھے۔ کرنل سمی زمان خان نے  گورنمنٹ ہائی سکول مستوج کے  کھیل کے میدان میں  پودا بھی لگایا۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے  بعد ایف سی پی ایس سکول کے بچوں اور بچیوں نے اقرار الدین خسرو کا  اردو میں لکھا ہوا نعت شریف نہایت خوبصورت آواز میں پیش کی۔ مختلف سکولوں  کے بچوں اور بچیوں  نے ٹیبلو اور   خاکے نہایت دلچسپ انداز میں  پیش کرکے حاضرین سے  داد لے لی۔اس میلے میں   ولی بال، فٹ بال، کرکٹ، رسہ کشی اور بچوں کے درمیان بھی محتلف مقابلے  ہوئے۔

 مقامی طالبات کا کہنا ہے  کہ ان کیلئے بھی الگ سے کھیل کے میدان  ہونا چاہئے جہاں صرف خواتین کھیل سکے کیونکہ یہاں ابھی تک خواتین کیلئے کوئی علیحدہ سٹیڈیم یا کھیل کا میدان نہیں  ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لڑکیوں میں بھی قابلیت کی کوئی کمی نہیں ہے مگر ان کو مواقع میسر نہیں ہیں اگر ان کیلئے بھی علیحدہ سٹیڈیم یا کھیل کے میدان بنایا جائے تو وہ بھی ملکی سطح پر کھیل سکتی ہیں۔

علاقے کے لوگوں نے بھی مطالبہ کیا کہ اس قسم کے رنگین میلے، دلچسپ پروگرام اور مثبت کھیلوں پر مبنی ٹورنمنٹ  بار بار ہونا چاہئے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچایا جاسکے تو عمر رسیدہ افراد اور خواتین، بچوں کو بھی  چند لمحوں کیلئے  خوشیاں میسر ہوکر  ذہنی دباؤ سے بچے  رہیں۔

 اس موقع پر علاقے کے لوگوں نے چترال سکاؤٹس اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پہلی بار اس علاقے میں اتنا خوبصورت پروگرام منعقد کروایا۔

آخر میں مہمان خصوصی  کرنل سمی زمان خان  ، لیفٹنٹ کرنل ندیم، ڈی سی  اپر چترال منظور احمد اور دیگر مہمانوں نے کھلاڑیوں  اور سکول کے بچوں  میں انعامات  تقسیم کئے۔   فوجی افسران کی بیگمات کی جانب سے خصوصی طور پر چھوٹے بچوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس رنگا رنگ تقریب کو دیکھنے کیلئے  کثیر تعداد میں  بچوں، بوڑھوں اور خواتین و حضرات   نے بھی شرکت کرکے اس  سے محظوظ ہوئے۔

اس موقع پر حاضرین  سے اظہار خیال کرتے ہوئے کرنل سمی زمان خان نے کہا کہ چترال سکاؤٹس ہمیشہ سے علاقے کے لوگوں کا ہر قسم کا خیال رکھتا ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ یہاں کے نوجوانوں کیلئے ایسے پروگرام ترتیب دئیے  جائیں  تاکہ ان کو اپنی قابلیت نکھارنے کا موقع مل سکے اور وہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔