ملتان،25 مارچ(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی استعداد کار بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے شہر کی مثالی صفائی کیلئے سینٹری ورکرز اور نئی مشینری سسٹم میں شامل کرنے کی منظوری دی جاچکی ہے جس سے شہر میں صفائی کا نظام بہتر ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کمپنی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سی ای او فاروق ڈوگر نے صفائی صورتحال اور کمپنی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہری علاقوں میں صفائی کے سمارٹ پلان کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔کمپنی محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔عامر کریم خاں نے کہا کہ بورڈ نے جدید مشینری اور آلات کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کا ٹاسک دیا ہے جبکہ سینٹری ورکرز کی فلاح و بہبود کیلئے جامع پالیسی تشکیل دے رہے ہیں۔
سی ای او فاروق ڈوگر نے کہا کہ ماہ صفائی کے دوران نظر انداز علاقوں پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے جبکہ کمپنی کی انتظامی امور کی بہتری کیلئے گڈ گورننس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔قبل ازیں اجلاس میں کمپنی کے مخلتف امور اور منٹس کی باضابطہ منظوری بھی دی گئی۔











