وزیر اعظم عمران خان سے سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی، صوبائی اسمبلی سندھ اور پارٹی عہدیداران کی ملاقات

36

اسلام آباد۔29مارچ  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے مشکور ہیں جن کی سازشوں کہ وجہ سے نہ صرف پارٹی بلکہ عوام میں پاکستان تحریکِ انصاف کیلئے مقبولیت اور  جوش و جذبے کی نئی لہر پیدا ہوئی،ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع پاکستان تحریکِ انصاف پر عوامی اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔منگل کو وزیر اعظم عمران خان سے   سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی، صوبائی اسمبلی سندھ اور پارٹی عہدیداران نے  ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزراء علی زیدی، فواد چوہدری اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی شامل تھے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ  پاکستان تحریکِ انصاف قومی سطح پر ملک کی واحد گراس روٹ لیول کی جماعت ہے،پیسوں سے عوامی اجتماع نہیں بھرتے، جب قوم ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے نکلتی ہے تو عوامی اجتماع امر بالمعروف جیسے ہوتے ہیں۔وزیرِ اعظم نےکہا کہ آپ سب میں وہ چہرے نظر آرہے ہیں جنہوں نے پارٹی میں ورکر کے طور شمولیت اختیار کی اور آج ایوانوں میں اپنے حلقوں کی نمائندگی کر رہے ہیں،جب حکمرانوں کی نیت صاف ہو تو چاہے کتنی ہی بڑی اندرونی یا بیرونی سازش ہو، ناکام ہوتی ہے۔۔ملاقات میں شرکاء نے وزیرِ اعظم کو پاکستان تحریکِ انصاف کے سندھ حقوق مارچ اور اسلام آباد میں عوامی اجتماع امر بالمعروف کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ اس کے علاوہ وزیرِ اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا ظہار کرتے ہوئے حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، کامیاب خارجہ پالیسی اور ناموسِ رسالت ﷺ واسلاموفوبیا کیلئے وزیرِ اعظم کی عالمی سطح پر کوششوں اور اقوامِ متحدہ میں قرار داد کی منظوری پر خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے منتخب نمائندوں و پارٹی عہدیداران کو سندھ میں پارٹی تنظیم کو مزید مستحکم کرنے بالخصوص ضلعی سطح پر پارٹی کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایات جاری کیں۔