ضلع مہمند میں پولیس کی  پوست کی فصل کے خاتمہ کے لیے بھرپور کارروائی، 86 کنال پر کاشت شدہ فصل تلف

28

مہند، 31 مارچ (اے پی پی): ضلع مہمند میں پولیس کی پوست کی فصل کو ضلع بھر سے مکمل طور پر خاتمہ کے لیے بھرپور کارروائی، ضلع مہمند نارکاٹیکس ایراڈیکشن ٹیم (NET) کا اپر پڑانگ غار میں پوست کی کاشت شدہ فصل کے خلاف دوسرے روز بھی آپریشن جاری رہا،آپریشن کے دوران 86 کنال پر کاشت شدہ فصل تلف کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری کی جانب سے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں (منشیات سے پاک خیبر پختونخوا) ویژن کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر مردان یاسین فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مہمند صلاح الدین کنڈی کی سربراہی میں ضلع مہمند کے نارکاٹیکس ایراڈیکیشن ٹیم (NET) کا منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کے ساتھ ساتھ پوست کی فصل کی کاشت کے خاتمہ کیلئے بھی ضلع بھر میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ اس آپریشن کے بعد ضلع بھر سے پوست کی فصل کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

پوست کی کاشت شدہ فصلوں کے خلاف 2020 میں 4100 کنال پر کاشت شدہ پوست کی فصل ڈی ایس پی دل فراز خان کی سربراہی میں تلف کی گئی تھی۔ جس میں  تحصیل پنڈیالی، تحصیل امبار اور تحصیل پڑانگ غار شامل تھے۔

دوسرےآپریشن کے دوران سال 2021 میں 1300 کنال پر کاشت شدہ پوست کی فصل کو تلف کیا گیا تھا۔اس آپریشن میں تحصیل پنڈیالی اور تحصیل آمبار کے دور افتادہ علاقوں کو مکمل کلیئر ہوچکے ہیں۔

اب سال 2022 میں ڈی پی او مہمند کے خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی دل فراز خان نے اپر پڑانگ غار کے عوام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے۔ جس پر پڑانگ غار کے عوام نے پوست کی فصل کے کاشت کو بند کرنے کا وعدہ کیا۔ لیکن کئی دور اُفتادہ علاقوں میں جہاں ٹرانسپورٹ کی کوئی سہولت نہیں ہے، وہاں پوست کی فصل کاشت کی ہے جس کے خلاف آپریشن میں آج دوسرے  روز ڈی ایس پی دل فراز خان نے ہمراہ ایس آئی دانش خان، عنایت خان، ایس آئی شاہ روم خان، اے ایس آئی نجیب خان، حوالدار عبد الاکبر، جان زادہ، عارف خان، زر محسن اور محکمہ زراعت کی ٹیم نے  اپر  پڑانگ غار کے مختلف علاقوں جاوو، سخا اوبہ، مانڑو، قوال، سپرے نمبر 1، شگئی، جیبہ، نحقی، خرو شاہ اور پاڑے میں 86 کنال پر کاشت شدہ پوست کی فصل کو محکمہ زراعت کے اہلکاروں نے سپرے کے ذریعے اور پولیس کے جوانوں نے ڈنڈوں سے مار مار کر تلف کردیا۔آپریشن کے دوران ڈی ایس پی پڑانگ غار جاوید خان اور ایس ایچ او پڑانگ غار مکرم خان نے بھرپور تعاون کیا۔ 2020سے لے کر اب تک آخر کار 2022 میں مہمند پولیس نے ضلع مہمند سے پوست کی فصل کے خاتمہ کو یقینی بنایا ہے۔

ڈی پی او مہمند نے عوام کے نام پیغام میں بتایا کہ ضلعی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے،پوست کی فصل کے کاشت شدہ کھیتوں کے بارے میں مہمند پولیس کو اطلاع دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔