رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، نوید حیدر شیرازی

20

حسن ابدال، 08 اپریل(اے پی پی):سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اے سی آفس حسن ابدا  ل میں رمضان المبارک سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک مہرین بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال اشتیاق نیازی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس  کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عوام کوزندگی کے تمام شعبوں میں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے کو ششیں کی جارہی ہیں۔رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت ترین کارواٸی عمل میں لاٸی جائے گی اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ضلع بھر میں رمضان بازار عوامی سہولت کے لیے قائم ہو چکے ہیں۔عوام کو اس ماہ مبارک میں بنیادی اشیاء کی فراہمی بہترین معیار اور مقدار کے ساتھ مناسب نرخوں کے ساتھ یقینی بنائی جائےگی۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے سیکرٹری لائیو سٹاک نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تقریباً8ارب روپے کا رمضان پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ رمضان پیکیج 2022 کی منظوری دے چکی ہے-رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے 100 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوگا-حکومت پنجاب عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر تقریباً4ارب روپے کی سبسڈی دے گی-انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو کم نرخ پر فراہم کی جائے گی-رمضان بازاروں میں 13 اشیائے خورد و نوش 2021 کے ریٹ پر ملیں گی-رمضان بازاروں میں چکن فی کلو 10 روپے کم اور انڈے فی درجن 5 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوں گے-پنجاب بھر میں 317 رمضان بازار قائم کئے جارہے ہیں -رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپ قائم ہوں گی-زرعی فیئر پرائس شاپس پر معیاری سبزیاں اورپھل مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوں گے-سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے اور اس کے ساتھ ابتدائی طبی امداد کے لئے میڈیکل کیمپ بھی لگایا جائے گا۔

گندم کے حوالے سے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری لائیوسٹاک نوید حیدر شیرازی کو بتایا گیا اس سال گندم کا ریٹ 22 سو روپے فی من مقرر ہوا ہے۔اس ضمن میں باردانہ کی تقسیم 15 اپریل سے شروع ہو جائے گی۔ضلع میں سات خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں جن پر مجموعی ہدف 1080میٹرک ٹن ہے۔گندم کی خریداری کے لیے ہر سطع پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں اور اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

سیکرٹری لائیو سٹاک نے  گندم خریداری مرکز حسن ابدال کا دورہ بھی کیا اور گندم کی خریداری کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

سورس: وی این ایس، حسن ابدال