پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاروائی ،ماہ رمضان میں جعلی مشروبات کی سپلائی ناکام،جعلی بوتلیں بنانے والا یونٹ پکڑا گیا

22

ملتان،12اپریل(اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ماہ رمضان میں جعلی مشروبات کی سپلائی ناکام بنادی،ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز مبشر رحمان کی سربراہی میں جعلی بوتلیں بنانے والا یونٹ پکڑا گیا ہے اور732 لیٹر جعلی مشروبات، 32 کلو برانڈڈ بوتلوں کے ڈھکن، 68 کلو خالی بوتلیں، 7 کلو کھلے فلیورز برآمد کئیے گئے ہیں،کھلے اور غیر معیاری اجزاء سے تیار محلول موقع پر تلف کردیا گیا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ ایک فلنگ مشین، پرنٹنگ مشین، 9 سلنڈرز اور دیگر سامان بھی ضبط کرلیا گیا ہے اور کہا کارروائی ویجیلنس ونگ کی خفیہ اطلاع پر شالیمار کالونی ٹی چوک میں کی گئی ہے اور انہوں نے کہا کہ معروف کمپنیوں کی لیبلنگ کرکے غیر معیاری مشروبات کی پیکنگ کی جارہی تھی،کھلے رنگ، مصنوعی فلیورز کی ملاوٹ سے تیار کیا گیا مشروب بوتلوں میں پیک کیا جارہا تھا اور کہا تمام تر جعلی مشروبات اور سامان ضبط کرکے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی ہیں اور مشروبات کی مزید جانچ کےلیے سیمپل لے کر لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں۔

شعیب خان جدون نے کہا کہ ہزاروں لیٹر مضرصحت مشروبات تیار کرکے شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانی تھی اور کہا کہ

خوراک میں جعلسازی اور دھوکہ دہی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،ماہ صیام میں عوام تک ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔