اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):نومنتخب سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ معزز ایوان کی تعظیم و توقیر میں اضافہ ان کا مطمع نظر اور اولین ترجیح ہے، سپیکر کا منصب تمام تر غیر جانبداری اور بردباری کا متقاضی ہے ۔ہفتہ کوقومی اسمبلی میں اپنے عہدے کاحلف اٹھا نے کے بعد خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ وہ سپیکر قومی اسمبلی کے باوقار منصب پر فائز ہونے پر اللہ تعالی کے انتہائی شکر گزار ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس منصب پر بلامقابلہ منتخب کرنے پر پیپلز پارٹی کے کو چیئر مین آصف علی زرداری ، چیئر مین بلاول بھٹو، قائد ایوان محمد شہباز شریف اور دیگر تمام پارلیمانی زعما اور اراکین پارلیمان کا تحہ دل کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے سال میں بطور سپیکر میرا انتخاب میرے لیے باعث مسرت ہے، اس معزز ایوان کی تعظیم و توقیر میں اضافہ میرا مطمع نظر اور اولین ترجیح ہے، سپیکر کا منصب تمام تر غیر جانبداری اور بردباری کا متقاضی ہے اور بطور کسٹوڈین آف ہائوس ممبران کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ا ولین ذمہ داریوں میں شامل ہے، جس منصب کے لیے اس معزز ایوان نے میرا بلا مقابلہ انتخاب کیا ہے اس منصب پر سب سے پہلے قائد اعظم محمد علی جناح کو بلا مقابلہ اپنا پہلا سربراہ منتخب کیا تھا، یہ ایوان شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی بطور کسٹوڈین آف ہائوس منتخب کر چکا ہے قائدِ اعظم کا خطاب جہاں پاکستان کا پہلا سرکاری اور قومی آئینی بیانیہ ہے وہیں ریاستی ڈھانچے میں مقننہ کے مرکزی کردار پر بھی مہر تصدیق ثبت کرتا ہے ۔ نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف 26 دسمبر 1950ء کو سانگھڑ میں پیدا ہوئے۔ وہ سندھ یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں۔ وہ 13 ۔ 2012میں ملک کے وزیراعظم رہے۔ راجہ پرویز اشرف راولپنڈی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے متحرک لیڈر ہیں۔ وہ 2002ء میں پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ واٹر اینڈ پاور کے وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔











