اسلام آباد،18اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں حافظ حفیظ الرحمٰن نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ چلاس میں پی ایم کی جانب سے عالمی معیار کی سہولتوں سے آراستہ ہسپتال کی منظوری مقامی لوگوں کیلئے نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی سارا سال روانی کیلئے بابو سر ٹنل کی منظوری سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی آبادی کی آمدورفت و معاشی سرگرمیاں سارا سال بلاتعطل جاری رہیں گی۔
حافظ حفیظ الرحمٰن نےدیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کو 2029 کی بجائے 2026 میں مکمل کرنے کی ہدایات پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے، چار سال کے سیاہ دور میں عوامی فلاحی منصوبوں کو نظر انداز کیا گیا، انشاء اللہ ملک و قوم کی خدمت کا سفر اب تیزی سے جاری رہے گا۔











