ملتان،18اپریل(اے پی پی):مرغیوں کی آلائشوں سے آئل بنانے والی دو فیکٹریاں پکڑی گئیں۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی رات گئے فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں کارروائی عمل میں لائی گئی اور مرغیوں کی انٹریاں پگھلا کر آئل نکالنے والے دو ملزم گرفتار کرلئے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے فیکٹریوں اور ملحقہ گودام سیل کرکے آئل قبضے میں لے لیا اور فیکٹریوں اور گودام سے آلائشیں اور زہریلے آئل سے بھری دو گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں ہیں۔
اے سی سٹی خواجہ عمیر محمود نے کہا آئل سے بھرے ڈرم تجزیے کیلئے فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں اور کہا فیکٹریوں سے تیار آئل مارکیٹ میں سپلائی کے شواہد ملے ہیں اور انہوں نے کہا کہ فیکٹری مالکان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











