اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے منحرک رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا ہے کہ ان کا تعلق پشاورکے زمیندار گھرانے سے ہے اور جائیداد انہیں اپنی بیوی سے نہیں بلکہ والدہ سے ملی ہے، میں تو لینڈ کروزر سےعام گاڑی پر آیا آپ ہیلی کاپٹر پر کیسے پہنچ گئے ۔ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن میں ہیں اور حکومتی بنچوں پر نہیں بیٹھیں گے، ہم حکومت کا حصہ نہیں ہیں۔ نور عالم خان نے حلف اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ پیغمبرۖﷺ کے امتی نہیں ہوں گے کہ اگر انہوں نے پیسے لئے ہوں اور وفاداری تبدیل کی ہو۔ میں اپنے احتساب کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کاتعلق پشاور کے زمیندار گھرانے سے ہے، مجھے بیوی سے جائیداد نہیں ملی بلکہ والدین سے ملی ہے۔ نور عالم خان نے کہا کہ جب آئی ایم ایف سے ڈیل ہو رہی تھی تو اس وقت بھی انہوں نے اعتراض کیا تھا کہ دفاع سے متعلق تفصیلات آئی ایم ایف کو فراہم نہ کی جائیں ۔ہمیں اپنے قومی مفاد کو دیکھنا ہے۔ نہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سحری اور افطاری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، پشاور میں ورسک ڈیم ہے، ورسک ڈیم کے علاقوں میں بھی دو دو دن بجلی نہیں دی جارہی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی قلت ہے۔ صارف کو دو کلو چینی بھی نہیں مل رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم جہاز اور ہیلی کاپٹر اور وزراء لینڈ کروزر اور مرسڈیز سے نہیں اترتے اس وقت تک مسائل حل نہیں ہوں گے، یوٹیلٹی سٹورز پر غریبوں کی تذلیل نہیں کرنی چاہیے اور ان سے شناختی کارڈ طلب نہیں کرنا چایے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ حکومت کو سپورٹ کیا ہے اور نہ ہی مدد کی ہے۔ ہم اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے خلاف ہیں۔ پاکستان جوہری طاقت کا حامل ملک ہے۔ ہمیں امریکا، سعودی عرب اور یورپی یونین کو دشمن نہیں بنانا چاہیے۔ ہمیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ میرا تو سسرال بھی یہیں ہے اور قبرستان بھی یہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ماں، بہن، بیٹی کی گالی دے گا تو خدا کی قسم اپنی جان بھی قربان کردوں گا۔











