چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چْن زوئی کی ملاقات

26

اسلام آباد،20اپریل  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چْن زوئی نےبدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور سی پیک منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ سمیت  دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

 چینی سفارتخانے  کی ناظم الامور سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں چین کے کردار کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت چین کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نےکہا کہ پاکستان اور چین کے مابین کثیرالجہتی شراکت داری پاکستان کی پالیسی کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اہم معاملات بارے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی موقف کی تائید کی ہے اور پاک-چین دوستی دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بستی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صنعت کاری، زراعت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں چین کی طرف سے سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں سی پیک منصوبوں پربھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سی پیک خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا جس سے ترقی کا ایک نیا باب شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چین نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے جس کیلئے ہمیشہ ان کے شکرگزار رہیں گے۔

چینی ناظم الامور نے علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور سی پیک پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پینگ چْن زوئی نے پاکستان کےساتھ ہرسطح پرسفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔