اٹک، 20 اپریل ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا ہے کہ یوم علیؓ کے موقع پر ماحول ساز گار رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ایک دوسرے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں ۔ سوشل میڈیا کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی اورشر انگیزی پھیلانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں یوم علیؓ کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یوم علیؓ کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اتحاد ویگانگت اسلام کی بنیاد ہے اور اس پر عمل پیرا ہو کر ہم کامیاب زندگی بسر کر سکتے ہیں۔ عوام ماہ رمضان میں بھر پور اتحاد و ایثار کا مظاہرہ کر یں ،یہ مقدس مہینہ ہمیں برداشت اور قربانی کا درس دیتا ہے اور ہمیں اسلام کی بقا اور سلامتی کے لیے ہر لمحے کوشش کرنی چاہئے۔
ڈی سی اٹک محمد نعیم سندھو
نے کہا کہ ضرورت اس ا مر کی ہے کہ تمام مکاتیب فکر کے افراد ایک جگہ اکٹھے ہوں جس کا درس ہمارے دین نے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹک ہمیشہ امن و آشتی کا گہوارہ رہا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ یہ امن آئندہ بھی قائم رہے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام معاملات باہمی افہام و تفہیم سے حل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اس سال یوم علی ؓکی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے جاری ہو نے والے ضابطہء اخلا ق پر بھر پور عمل درآمد کر یں۔
ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود نے اجلا س کے شر کاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ضلع پولیس اٹک کی جانب سے یوم علیؓ کے موقع پر تمام مذہبی سر گر میوں کو فول پر وف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔اس ضمن ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر خصوصی پلان تیار کر لیا گیا ہے اور اس پلان کے مطابق بھر پور عمل کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ضلعی اور تحصیل سطع پر کنٹرول رومز بھی قائم کیے جائیں گے جہاں سے لمحہ بہ لمحہ تمام صورتحال کی سخت نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے مذہبی اجتماعوں کے منتظمین سے اپیل کی کہ اجتماعوں میں روٹ اور وقت کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
اجلا س میں ممبران ضلعی امن نے اپنے سفار شات اور تجاویز پیش کیں،جن پر قانون کے مطابق عمل در آمد کی یقین دہانی کروائی گئی۔ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام مسالک، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کر یں گے۔
آخر میں ملک پاکستان کی کے دائمی امن و سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران، ممبران ضلعی امن نے شر کت کی۔











