نوجوان شارٹ کٹ کی بجائے جستجو کرنے اور محنت ولگن سے منزل پانے کی کوشش کریں، حافظ محمد قاسم

58

ملتان،21 اپریل  ( اےپی پی): چئیرمین ملتان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان حافظ محمد قاسم اور مرکزی رہنما سید گروپ بریسٹر سید عابد امام شاہ نے کہا کہ نوجوان شارٹ کٹ کی بجائے جستجو کرنے اور محنت ولگن سے منزل پانے کی کوشش کریں دور جدید کی ایجادات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اقبال کے حقیقی شاہین بن کر ملک وقوم کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحیثیت مہمانان خصوصی ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان اور سپیرئیر گروپ آف کالجز ملتان ریجن کے زیراہتمام حکیم الامت شاعرِ مشرق سر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 84 ویں یوم وفات کے سلسلے میں سپیرئیر کالج ملتان میں منعقدہ علامہ محمدؓ اقبال کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ تقریب کی صدارت ریجنل ڈائریکٹر سپیرئیر گروپ آف کالجز ملتان ریجن پروفیسر یاسر طاہر خان نے کی جبکہ مہمان اعزاز میں ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن میاں محمد ماجد، چیئرمین حافظ معین خالد ٹرسٹ حافظ محمد معین الدین خالد اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم شامل تھے۔تقریب کی نظامت کے فرائض محمد عثمان نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر طلباء وطالبات کے مابین تقریری مقابلہ بعنوان ’’ کی محمدؐ سے وفا تونے تو ہم تیرے ہیں‘‘ بھی منعقد ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد قاسم، بیرسٹر سید عابد امام شاہ اور پروفیسر یاسر طاہر خان نے کہا کہ علامہ اقبال کو نوجوانوں سے بہت توقعات وابستہ تھیں اس لئے نئی نسل ہی ان کی شاعری کا محور ہے، علامہ اقبال صرف ایک شاعر ہی نہیں فلسفی، دانشور، سیاست دان بھی تھے، وہ امت مسلمہ کا درد اپنے دل میں محسوس کرتے تھے اسی لئے وہ مسلمانوں کو ایک ہونے کا درس دیتے تھے۔میاں محمد ماجد، حافظ معین خالد اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ حضرت علامہ اقبال ؓ آفاقی اور ہر دور کے شاعر ہیں ان جیسا شاعر صدیوں میں کوئی ایک پیدا ہوتا ہے جو اپنی شاعری سے قوموں کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہو اقبالؓ کی شاعری میں قرآن پاک اور حدیث مبارکہ کی تشریح موجود ہے۔ اس موقع پر ہونے والے تقریری مقابلہ میں منصفین کے فرائض پروفیسر عبدالماجد وٹو اور پروفیسر اعظم حسین نے سرانجام دئیے جن کے فیصلہ کی روشنی میں اردو گرلز میں اول طاہرہ خلیل،دوم  سیدہ تسمیہ،سوئم نمرہ اینڈ ہمانور، بوائز میں اول احمد مجتبٰی، دوم محمد انس اور سوئم سنید خان رہے انگلش میں اول سید محمد حاشر اور دوم علی جاوید رہے۔