میرپور خاص؛مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی افواج کی بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ،مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی

29

میرپورخاص،22اپریل ( اے پی پی):جماعت اسلامی میرپور خاص کے تحت  مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی افواج کی بربریت کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی میرپورخاص محمد رفیق چوھان، سیکریٹری جماعت اسلامی میرپورخاص ظفر اقبال مجاہد اور حاجی نور الہی مغل نے  خطاب کیا۔ مظاہرے میں عوام اور کارکنان نے شرکت کی اور اسرائیلی افواج کی بربریت اور مظالم اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے اپنے خطاب میں  کہا کہ نہتے فلسطینی نمازیوں پر وحشیانہ فائرنگ اور تشدد دہشت گردی ہے، عالمی دہشت گرد اسرائیل  کی قبلہ اول بیت المقدس کی بے حرمتی پر دنیا بھر کی خاموشی شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے نام نہاد اداروں  کو  اسرائیل کی بدترین سفاکیت نظر نہیں آرہی، او آئی سی اور اقوام متحدہ کے ادارے اسرائیل کے سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں ،مسجد اقصیٰ پر حملے سے  دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب  مسلمانوں کے دل غمگین ہیں، اسرائیل کی بربریت کا  جواب  جہاد کا  واحد راستہ ہے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں  کہا کہ قبلہ اول سے عالم اسلام کا ایمانی اور جذباتی تعلق ہے  اور عالم اسلام اسرائیلی مظالم کو کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمران ہوں یا عالمی ادارے گذشتہ 75 سالوں سے اسرائیلی مظالم کا تماشہ دیکھ رہے ہیں فلسطین کے مسئلے نے امت مسلمہ کو متحد کیا ہے اور جہاد و ایمان کی نئی روح پھونک دی  ہے۔

سورس: وی این ایس، میرپور خاص