ملتان ،22 اپریل (اے پی پی ): نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ فرسٹ پروفیشنل ایم بی بی ایس امتحان ( سال2021) میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد جمعہ کویہاں یونیورسٹی کے نئے لیکچر تھیٹر کمپلیکس میں کیا گیا ، تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد تھے۔
نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام پہلی دفعہ منعقد ہونے والے اس امتحان میں شعیب اصغر نے 600 میں سے 491 نمبر لے کر پہلی، طالبہ وسقہ سلطانہ ملک نے 482 نمبر لے کر دوسری جبکہ طالبہ حفصہ رشید نے 481 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اس موقع پر بہترین کارکردگی کے حامل طلبا و طالبات کو خصوصی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی محنت کرینگے اور اپنے اساتذہ، والدین اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا نام روشن کرینگے۔
اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے طلباء وطالبات کو تعلیم، تدریس اور تحقیق کے راہنما اصولوں پر مبنی ایک خصوصی لیکچر بھی دیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ، پروفیسر ڈاکٹر اصغر جاوید شعبہ امتحانات، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حیدر اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صہیب حسن سمیت یونیورسٹی طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سورس : وی این ایس ، ملتان











