نوشہروفیروز: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس،یوم شہادت حضرت علی  کرم اللہ وجه کے انتظامات کا جائزہ لیا

72

نوشہروفیروز، 22 اپریل (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت  یوم شہادت حضرت علی  کرم اللہ وجه کے انتظامات کے سلسلے میں  جمعہ کو یہاں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تاشفین عالم نے کہا کہ  یوم شہادت حضرت علی رضہ کو تمام مسلمان اپنے اپنے طریقے سے مناتے ہیں، تمام مسلمان رمضان المبارک کے اس مبارک دن کو امن و محبت کے ساتھ گزاریں اور ملکی ترقی اور امن  و سلامتی کے لئے اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ میں خود اس دن انتظامات کا جائزہ لوں گا اور انتظامات میں کسی بھی قسم کی کمی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس دن کے لئے تمام ادارے بھرپور انتظامات کریں،  یوم علی رضہ کے موقع پر تمام مجالس اور ماتمی جلوسوں کو رینجرز اور محکمہ پولیس بھرپور سیکورٹی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیپکو حکام کو غیر ضروری لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی اور ٹاؤن انتظامیہ کو شہروں میں صفائی ستھرائی اور جلوس کے راستوں پر پانی کے چھڑکاؤ کا بھی حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام ڈسپوزلز کو فعال رکھیں۔ محکمہ صحت کے افسران اپنی میڈیکل ٹیمیں ، ایمبولینس اور ادویات کا انتظام کریں۔

اجلاس میں  مختلف علمائے کرام نے یوم علی رضہ کے انتظامات کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر محکمہ پولیس، رینجرز، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران  اور مختلف مکتبہ فکر کے علمائے کرام  موجود تھے۔

سورس : وی این ایس ، نوشہروفیروز