اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی): پیپلز پارٹی کے راہنماء فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے عمران خان کے بیانات متضاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کل ایک اہم میٹنگ لندن میں ہوئی ،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری کی خواہش تھی کہ وہ حلف اٹھانے سے قبل نواز شریف سے ملاقات کریں،آج نواز شریف نے بلاول بھٹو کو افطاری کی دعوت دی ہے۔لندن ایک تاریخی شہر ہے یہاں میثاق جمھوریت پر دستخط ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس ملاقات سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔تمام سیاسی جماعتوں کو لے کر میثاق جمہوریت ٹو پر بات ہوگی، ہمارا صرف ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ الیکشن ریفارمز کی جائیں اور ہم الیکشن کی طرف جائیں۔اس ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے ہم بھرپور کوشش کریں گے۔











