کوئٹہ،23اپریل(اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،بلوچستان کی باصلاحیت افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں صوبہ بلوچستان کی انتظامی صورتحال پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو سیکٹری بلوچستان کی طرف سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم کو اجلاس میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں اس وقت آبادی کا ایک بڑا حصہ خطِ غربت سے نیچے ہے. اس کی سب سے بڑی وجہ روزگار کے مواقع کم ہونا ہے. اس حوالے سے حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور جاری منصوبوں میں مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی میں ترجیح دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں شرکاء کی طرف سے تجاویز بھی پیش کی گئیں. اجلاس میں پورے صوبے کیلیے ایک جامع پیکیج کے اعلان کی تجویز دی گئی. کوسٹل ہائی وے کے اطراف سیاحت کا فروغ، مقامی افرادی قوت کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں کا قیام بھی تجاویز میں شامل ہے۔
شرکاء نے وزیرِ اعظم کو بلوچستان دورے پر خوش آمدید کہا اور حکومت کی بلوچستان کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے صوبائی کابینہ کے ممبران کے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، آف دی گرڈ منصوبوں سے بلوچستان میں بجلی کی قلت کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب تک بلوچستان ترقی میں باقی صوبوں تک نہیں پہنچ جاتا، تب تک میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔انہوں نے کہا کہ اس سب میں مجھے بلوچستان کابینہ کا تعاون درکار ہے، منصوبوں پر عمل درآمد آپکے تعاون سے یقینی ہو سکے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بلوچستان کے معدنی وسائل پر سب سے پہلا حق بلوچستان کی عوام کا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ و طالبات کیلئے وظائف کا سلسلہ جو روک دیا گیا تھا، میں اسے دوبارہ شروع کرونگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی شمالی یا جنوبی سے کوئی غرض نہیں، ہمیں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی اور پورے صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، مولانا اسد محمود، مولانا واسع، نوابزادہ شاہزین بگٹی، اسرار ترین، قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی، وزیرِ اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بازنجو صوبائی وزراء کے اراکین اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد











