کوئٹہ ۔23اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار۔کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور ٹو کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ ہفتہ کو یہاں ایک خصوصی تقریب میں وزیراعظم نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، صوبائی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور این ایچ اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ کراچی۔کوئٹہ۔چمن شاہراہ کی کل لمبائی 790 کلومیٹر ہے۔ کراچی۔کوئٹہ۔چمن شاہراہ کے 330 کلومیٹر حصے خضدار۔کچلاک کو تعمیرنو کے ساتھ ساتھ دو رویہ کیا جائے گا، اس شاہراہ پر 37 پل اور ایک ہزار کلورٹس بنائے جائیں گے،یومیہ 12 ہزار سے زائد گاڑیاں اس روڈ پر چلنے سے لوگوں کو سفر میں آسانی ہو گی۔ سڑک کی تعمیر سے 5 ہزار افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔











