اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، عمران خان سازش کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، اتحادیوں کے چھوڑ کر جانے کے بعد عمران خان کو سازش نظر آنا لگی ہے، عمران خان کی فلاسفی ہے کہ جھوٹ اتنا بولو کہ وہ سچ لگنا لگے، عمران خان عوام کو بے وقوف بنانا بند کریں، انہوں نے چار سال تک عوام کو لوٹا اور معیشت تباہ کی، الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کا فیصلہ آنے والا ہے تو عمران خان الیکشن کمیشن سے استعفے کا بے بنیاد مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے عوام کو چار سال تک لوٹا، معیشت تباہ کی، جھوٹ بولا، عوام سے روٹی چھینی، روزگار چھینا اور پھر کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سازش ہوئی تھی تو ان کے سپیکر نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کی اجازت کیوں دی؟ جب تک عمران خان کو پتہ تھا کہ اتحادی ان کے ساتھ ہیں، اس وقت تک کوئی امریکی سازش نہیں تھی، عمران خان کو جب پتہ چلا کہ اتحادی اور ان کے اپنے لوگ چھوڑ کر جا رہے ہیں تو انہوں نے جھوٹ بولنا شروع کر دیا کہ ان کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7 مارچ کو ایمبیسیڈرز کی میٹنگ ہوتی ہے، 8 مارچ کو ٹیلی گرام آتا ہے اور اس کے بعد انہیں 27 مارچ کو یاد آتا ہے کہ ہمیں دھمکی دی جا رہی ہے اور پاکستان کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 8 مارچ سے 27 مارچ تک کسی کو سائفر کے بارے میں نہیں بتایا، اس سائفر میں ایمبیسیڈر نے یہ بات لکھی ہے کہ ڈی مارش کرنا چاہئے، عمران خان نے وہ بھی نہیں کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایم کیو ایم اور اتحادی جب انہیں چھوڑ کر چلے گئے تو اس وقت انہیں یاد آیا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد جلسے میں کاغذ لہرایا جائے۔ 8 مارچ سے 27 مارچ تک جو شخص آپ کو دھمکی دے رہا تھا اسے 16 مارچ کو عمران خان نے ایک تقریب میں وومن ڈے پر اہم مقرر کے طور پر مدعو کیا۔ جب ایک شخص آپ کے خلاف سازش کر رہا ہے تو پھر اسے کیوں بلایا گیا؟ انہوں نے بتایا کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں جس ایمبیسیڈر نے یہ سائفر لکھا، نے یہ بات کہی کہ اس میں کسی قسم کی سازش کا شائبہ نہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان جب اقتدار میں آئے تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ مودی الیکشن جیت جائے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے گا، تو کیا آپ کا یہ بیان ہندوستان کے انتخابات میں مداخلت تھا؟ کیا آپ مودی کی حکومت کو بچانے کے لئے ان کے کمپئین منیجر بنے ہوئے تھے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد کشمیر فروشی کی اور کشمیر ان کے حوالے کیا، اس کا مطلب ہے کہ اس مداخلت اور سازش میں عمران خان ملے ہوئے تھے۔











