ریاست پاکستان کے تحفظ اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے میونسپل کمیٹی سے اللہ چوک تک ریلی

14

شجاع آباد،28 اپریل(اے پی پی):ریاست پاکستان کے تحفظ اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے میونسپل کمیٹی سے اللہ چوک تک ریلی نکالی گئی۔ریلی سے قبل میٹنگ ہال میں اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزادڈوگر، ڈیس ایس پی گل زمان،چیف آفیسر منشا احسن، سابق چئیرمین بلدیہ ڈاکٹررفیق احمدقریشی، خلیق الرحمان ببلو، عظمت خان، غلام مصطفی جکحڑ سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

 اسسٹنٹ کمشنر ناصرشہزاد ڈوکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحفظ پاکستان کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اس لیے پاک آرمی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اگرملک دشمن عناصر نے افواج پاکستان کے خلاف مزید زہر اگلنے کی کوشش کی تو عوام انہیں معاف نہیں کریں گے۔افواج پاکستان کی عزت و وقار کے ساتھ پاکستان کا استحکام و تمکنت اور عوام کا تحفظ اور خوشحالی وابستہ ہے۔

ڈی ایس پی گل زمان نے کہا کہ  پاک فوج اور اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری پوسٹس کو فوری طور پر ڈیلیٹ کیا جائے اور ایسی تمام پوسٹس کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

سابق چئیر مین بلدیہ ڈاکٹررفیق قریشی نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پوری دنیا میں پروفیشنل مہارت میں باوقار اور اعلیٰ ترین مقام رکھتی ہے اور اس کے خلاف کسی قسم کی ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے۔ ہماری شناخت پاکستان سے ہے اور ہم پاک فوج سمیت تمام اداروں کی سلامتی کی خاطرایک پیج پر ہیں اور ایسے تمام مذموم مقاصد کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں سوشل میڈیا سے دور رکھاجائے۔ اگر دشمن عناصر نے افواج پاکستان کے خلاف مزید زہر اگلنے کی کوشش کی تو عوام انہیں معاف نہیں کریں گے۔

عظمت خان نے کہا کہ  ملک کے اہم ترین ادارے کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

خلیق الرحمان ببلو نے کہا کہ پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس پر اٹھنے والی انگلی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

غلام مصطفی جکھڑ نے کہا کہ پاک فوج کا ملک کے استحکام اور عوام کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی لائق تحسین ہے۔

تقریب کے اختتام پر سیاسی پارٹیوں کے نمائندگان، شہریوں کے علاوہ طلبا اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔