مری،30اپریل(اے پی پی): سی پی او راولپنڈی نے سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے مری ٹورازم پولیس کا آغاز کر دیا ہے۔آر پی او راولپنڈی اشفاق احمد خان اور سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک نے لوئر ٹوپہ کے مقام پر مری ٹورازم پولیس کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں آر پی او راولپنڈی اشفاق احمد خان نے کہا کہ مری سیاحوں کی حفاظت کے لیے تھانہ پتریاٹہ اور تھانہ پھگواڑی بھی آج سے ہی فنکشنل کر دیئے گئے ہیں جبکہ مری میں ایس پی کوہسار پہلے سے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری ٹورازم پولیس کے لیے خصوصی طور پر تربیت یافتہ فورس تعینات کی گئی ہے، جس میں مرد اور خواتین افسران و اہلکار شامل ہیں۔
آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ مری ٹورازم پولیس فورس میں ابتدائی طور پر 150 پولیس افسران و اہلکار ، ایک خصوصی ٹورسٹ وین، 03 خصوصی طور پر تیار گاڑیاں، 25 موٹر سائیکلز، گھڑ سوار دستہ شامل ہیں۔
اس موقع پر سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت اور سہولت راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
سورس: وی این ایس، مری