پاکپتن،9مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے پاکپتن کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب لیگی ایم پی اے میاں نوید علی کے والد کی ناگہانی موت کا افسوس کرنے ان کے گھر گئے۔وزیر اعلیٰ نے مرحوم رانا احمد علی آرائیں کے ایصال ثواب اور بلند درجات کے لئیے دعائے مغفرت بھی کی۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہارا ہوا شخص جاتے جاتے ملکی اداروں سے مذاق کررہا ہے،اسے جلد حساب دیناہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے چار سالوں میں عوام سے کیے ہوئے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو ایک کروڑ نوکریوں کے خواب دکھا کر ان کے جذبات سے کھلواڑا کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے آئین سے کھلواڑ کرنیوالا عمران خان کہہ رہا ہے کہ رات کے بارہ سپریم کورٹ کیوں کھولا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آئین شکنی کرنا چاہتا تھا،آئین کی پاسداری کےلیے سپریم کورٹ کے دروازے کھلے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا وکیل بننے کے دعوے کرنیوالے نہ پاکستان کا وکیل بن سکا نہ ہی کشمیر کا،ہارا ہوا شخص جاتے جاتے بھی ملکی اداروں سے مذاق کررہا ہے،اسے بہت جلد حساب دینا ہوگا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ رانا احمد علی پہلے میرے بزرگ اور بعد میں ان کا سیاسی تعلق تھا۔وہ ایک بہادر انسان تھے،ان کے قتل کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کے بعد مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔











